پاکستان نے تین ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز کے پہلے مقابلے میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے سری لنکا کو 6 وکٹوں سے شکست دے کر سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل کر لی۔
میچ میں پاکستان کے کپتان سلمان علی آغا نے ٹاس جیت کر میزبان سری لنکا کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔ پاکستانی بولرز کی عمدہ کارکردگی کے باعث سری لنکا کی ٹیم 19.2 اوورز میں 128 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔ سری لنکا کی جانب سے جنتھ لیانگے نے 40 رنز اسکور کیے جبکہ ہسارنگا اور اسالانکا نے 18، 18 رنز بنائے۔
پاکستان کی طرف سے سلمان مرزا اور ابرار احمد نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے تین، تین وکٹیں حاصل کیں، جبکہ شاداب خان اور محمد وسیم جونیئر نے دو، دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
129 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستان نے پراعتماد بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 17ویں اوور میں چار وکٹوں کے نقصان پر مطلوبہ اسکور حاصل کر لیا۔ اوپنر صاحبزادہ فرحان نے 36 گیندوں پر 51 رنز کی عمدہ اننگز کھیل کر ٹیم کی کامیابی میں کلیدی کردار ادا کیا، جبکہ صائم ایوب 24 رنز بنا سکے۔
دیگر بیٹسمینوں میں کپتان سلمان علی آغا نے 16 اور فخر زمان نے 5 رنز بنائے۔ شاداب خان 18 اور عثمان خان 7 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔
یوں پاکستان نے سیریز کے پہلے ٹی ٹوئنٹی میں آسان فتح حاصل کر کے سیریز میں سبقت حاصل کر لی۔




