گلیانہ (انصر فاروق مغل) کھاریاں کے معروف، باوقار اور دردِ دل رکھنے والے اوورسیز پاکستانی سیاسی و سماجی رہنما چوہدری محمد زاہد آف بدھو چک، حال مقیم یونان، سے چنار فری ڈائلیسز سنٹر بھمبر آزاد کشمیر کے وفد نے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران چنار فری ڈائلیسز سنٹر کی 17 سالہ خدمات، برنالہ اور سماہنی میں قائم برانچز، مریضوں کو فراہم کی جانے والی مکمل فری سہولیات، درپیش مسائل، مستقبل کی ضروریات اور سالانہ بجٹ سمیت دیگر اہم امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
چوہدری محمد زاہد نے چنار فری ڈائلیسز سنٹر کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ گردوں کے فیلیر مریضوں کے لیے مکمل فری ڈائلیسز، پک اینڈ ڈراپ جیسی سہولیات ایک عظیم فلاحی مشن کی عکاسی کرتی ہیں۔ انہوں نے ادارے کی پوری ٹیم کو خراج تحسین پیش کیا اور اس نیک مقصد کے لیے تعاون کرنے والے تمام افراد کا شکریہ ادا کیا۔
اس موقع پر چوہدری محمد زاہد نے چنار فری ڈائلیسز سنٹر بھمبر آزاد کشمیر کے فلاحی مشن کے لیے ایک لاکھ روپے کا عطیہ بھی دیا۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ آئندہ بھی اس عظیم انسانی خدمت کے مشن میں بھرپور تعاون جاری رکھیں گے۔
ملاقات کے موقع پر چوہدری عتیق الرحمن برسالوی، ملک محمد تنویر اعوان چیف ایگزیکٹو لانگ مین اسکول، ملک اورنگزیب اور وقار قادری بھی موجود تھے۔ وفد کی جانب سے چوہدری محمد زاہد کے تعاون پر دلی شکریہ ادا کیا گیا۔
اوورسیز پاکستانی رہنما چوہدری محمد زاہد کا چنار فری ڈائلیسز سنٹر کے لیے ایک لاکھ روپے کا عطیہ
