اپریل 19, 2026

گلیانہ: مریم نواز ہیلتھ کلینک پنجن کسانہ میں سہولیات کی ابتر صورتحال، ایمبولینس اور الٹرا ساؤنڈ مشین ناکارہ

گلیانہ(انصر فاروق مغل) مریم نواز ہیلتھ کلینک پنجن کسانہ میں سہولیات کی ابتر صورتحال سامنے آ گئی ہے۔ سرکاری ایمبولینس خستہ حالی کا شکار ہے جبکہ الٹرا ساؤنڈ مشین کافی عرصے سے خراب پڑی ہے، جس کے باعث مریضوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

ذرائع کے مطابق کلینک میں موجود ایک اور سرکاری سوزوکی وین بھی ناکارہ حالت میں کھڑی ہے۔ عوامی حلقوں میں تشویش پائی جاتی ہے کہ جہاں انچارج نے اپنی ذاتی گاڑی کو محفوظ طریقے سے کور کیا ہوا ہے، وہیں سرکاری گاڑیاں اور پبلک پراپرٹی مسلسل نظرانداز کی جا رہی ہیں۔

علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ ایمرجنسی کی صورت میں خراب ایمبولینس اور ناکارہ سہولیات کسی بڑے حادثے کا سبب بن سکتی ہیں۔ شہریوں نے محکمہ صحت اور ضلعی انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ فوری نوٹس لے کر ایمبولینس، الٹرا ساؤنڈ مشین اور سوزوکی وین کو فعال بنایا جائے اور غفلت کے ذمہ داروں کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے۔