اکتوبر 30, 2026

درست رویہ اختیار نہ کیا تو وینزویلا پر دوبارہ حملہ کریں گے، صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی دھمکی

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے وینزویلا کو ایک بار پھر سخت وارننگ دیتے ہوئے کہا ہے کہ اگر اس نے درست رویہ اختیار نہ کیا تو امریکا دوبارہ حملہ کر سکتا ہے۔ ایئرفورس ون میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے کہا کہ امریکا کو وینزویلا میں تیل اور دیگر قدرتی وسائل تک مکمل رسائی حاصل ہونی چاہیے، اور اگر وینزویلا نے تعاون نہ کیا تو امریکا دوسرے حملے سے بھی گریز نہیں کرے گا۔

صدر ٹرمپ نے وینزویلا میں اقتدار سنبھالنے والی نائب صدر ڈیلسی روڈریگز اور خطے کے دیگر ممالک کو بھی دھمکیاں دیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر ڈیلسی روڈریگز نے درست اقدامات نہ کیے تو انہیں نکولس مادورو سے بھی زیادہ بھاری قیمت چکانا پڑے گی۔ انہوں نے کیوبا کے بارے میں بھی سخت لہجہ اختیار کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ کیوبا کی حکومت جلد خود ہی گرنے والی ہے اور شاید فوجی مداخلت کی ضرورت بھی پیش نہ آئے، کیونکہ کیوبا کی معیشت کا انحصار وینزویلا پر تھا اور اب وہ آمدنی ختم ہو چکی ہے۔

امریکی صدر نے کولمبیا کے بارے میں کہا کہ وہاں ایک ایسی حکومت ہے جو کوکین کی پیداوار اور اسے امریکا فروخت کرنے میں دلچسپی رکھتی ہے، تاہم ان کے بقول یہ صورتحال زیادہ دیر تک برقرار نہیں رہ سکے گی۔ ایک سوال کے جواب میں صدر ٹرمپ نے کہا کہ کولمبیا کی موجودہ حکومت کے خلاف امریکی فوجی کارروائی کے امکان کا سن کر انہیں اچھا لگا۔

گفتگو کے دوران صدر ٹرمپ نے میکسیکو کو بھی خبردار کیا اور کہا کہ اگر میکسیکو نے اپنا نظام درست نہ کیا تو امریکا کو کوئی نہ کوئی قدم اٹھانا پڑے گا۔