امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک بار پھر بھارت کو خبردار کیا ہے کہ اگر روسی تیل کے معاملے پر تعاون نہ کیا گیا تو امریکا بھارت پر ٹیرف بڑھا سکتا ہے۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق صدر ٹرمپ نے اپنے خطاب میں کہا کہ واشنگٹن روسی تیل کے حوالے سے نئی دہلی کے مؤقف اور اقدامات کا بغور جائزہ لے رہا ہے۔
صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ اگر بھارت روسی تیل کے مسئلے پر امریکا کے ساتھ تعاون نہیں کرتا تو تجارتی سطح پر سخت فیصلے کیے جا سکتے ہیں اور ٹیرف میں اضافہ بھی ممکن ہے۔ ان کا یہ بیان ایسے وقت سامنے آیا ہے جب امریکا اور بھارت کے درمیان تجارتی مذاکرات جاری ہیں اور دونوں ممالک کے تعلقات ایک اہم مرحلے سے گزر رہے ہیں۔
یاد رہے کہ اس سے قبل صدر ٹرمپ یہ دعویٰ بھی کر چکے ہیں کہ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے انہیں یقین دہانی کرائی تھی کہ بھارت روسی تیل کی خریداری بند کر دے گا، تاہم بھارتی حکومت کی جانب سے اس دعوے پر اب تک کوئی باضابطہ تصدیق سامنے نہیں آئی۔
