بیجنگ میں پاکستان اور چین کے وزرائے خارجہ کی زیر صدارت اسٹریٹجک ڈائیلاگ کا ساتواں دور منعقد ہوا جس میں پاکستان کے وفد کی قیادت نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کی۔
اس دوران دوطرفہ تعلقات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اور خطے و عالمی سطح پر درپیش اہم سیاسی و سلامتی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ مذاکرات میں سی پیک کے جاری اور آئندہ منصوبوں، پیشرفت اور باہمی تعاون پر بھی بات چیت کی گئی۔
اجلاس میں دوطرفہ تجارت کے فروغ، سرمایہ کاری، صنعتی تعاون اور معاشی روابط بڑھانے کے امکانات پر بھی گفتگو ہوئی۔ دونوں ممالک نے کثیرالجہتی فورمز پر قریبی تعاون اور ہم آہنگی بڑھانے پر اتفاق کیا اور عوامی روابط، تعلیمی تبادلوں اور ثقافتی تعاون کو مزید وسعت دینے کی ضرورت پر زور دیا۔
اس موقع پر پاکستان اور چین کے سفارتی تعلقات کے 75 سال مکمل ہونے پر بھرپور تقریبات اور سرگرمیاں منانے پر بھی اتفاق کیا گیا۔
دوسری جانب وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے چین کے ایگزیکٹو نائب وزیراعظم سے ملاقات کی جس میں دونوں ممالک نے اسٹریٹجک کوآپریٹو پارٹنرشپ مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔ دفتر خارجہ کے ترجمان کے مطابق ملاقات میں سی پیک سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید آگے بڑھانے پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
