اکتوبر 30, 2026

سی ای او ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی گجرات کا گلیانہ اور سرائے عالمگیر کے ہسپتالوں کا اچانک دورہ

گلیانہ (انصر فاروق مغل) چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی گجرات ڈاکٹر سید عطاء المُنعم نے بغیر پیشگی اطلاع گورنمنٹ میٹرنٹی ہسپتال گلیانہ کا تفصیلی دورہ کیا۔ دورے کے دوران چارج نرس کی غیر حاضری اور صفائی کے ناقص انتظامات پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ عملے سے وضاحت طلب کی گئی۔

بعد ازاں سی ای او ہیلتھ نے گورنمنٹ تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال سرائے عالمگیر کا بھی معائنہ کیا، جہاں سکیورٹی عملے اور لیبارٹری اسٹاف کی غیر حاضری پر شدید تشویش کا اظہار کیا گیا۔ ڈاکٹر سید عطاء المُنعم نے مددگار کاؤنٹر پر 24/7 عملے کی حاضری یقینی بنانے کیلئے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ کو فوری ہدایات جاری کیں۔

اس موقع پر ہسپتال کی مجموعی صفائی ستھرائی کے نظام کو بہتر بنانے اور مریضوں کو صاف پینے کے پانی کی فراہمی یقینی بنانے کیلئے خراب واٹر فلٹرز فوری تبدیل کرنے کے احکامات بھی جاری کیے گئے۔

سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر سید عطاء المُنعم نے واضح کیا کہ عوام کو معیاری اور بروقت طبی سہولیات کی فراہمی میں کسی قسم کی غفلت یا لاپرواہی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔