اکتوبر 29, 2026

گلگت بلتستان: برزل پاس میں برف کا تودہ گرنے سے کیپٹن اور سپاہی سمیت تین شہید

گلگت بلتستان کے برزل پاس میں 3 جنوری کی رات برف کا تودہ گرنے سے کیپٹن اسمد، سپاہی رضوان اور مشین آپریٹر عیسٰی شہید ہو گئے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق یہ واقعہ برف ہٹانے کے آپریشن کے دوران پیش آیا، جس کی نگرانی کیپٹن اسمد کر رہے تھے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق تودہ گرنے کے بعد فوری کارروائی کی گئی اور تینوں افراد کو نکالا گیا، لیکن کیپٹن اسمد، سپاہی رضوان اور مشین آپریٹر عیسٰی شدید زخمی تھے اور وہ جان کی بازی ہار گئے۔

28 سالہ کیپٹن اسمد لاہور سے تعلق رکھتے تھے، سپاہی رضوان کا تعلق اٹک سے تھا اور شہید مشین آپریٹر عیسٰی استور کے رہائشی تھے۔ آئی ایس پی آر نے کہا کہ تینوں بہادر جوان خراب موسم میں فورسز کی آپریشنل نقل و حرکت کو یقینی بنانے کے لیے اپنی جان کی قربانی دے گئے۔

پاک فوج نے واقعے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ شہداء کی قربانی کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا اور ان کے اہل خانہ کی مکمل حمایت کی جائے گی۔