پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے 7 فروری سے بھارت اور سری لنکا میں شیڈول ہونے والے آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے لیے اپنا ابتدائی اسکواڈ آئی سی سی کو بھیج دیا ہے۔ ذرائع کے مطابق ابتدائی 15 رکنی اسکواڈ کے ساتھ ریزرو کھلاڑیوں کے نام بھی آئی سی سی کو بھجوائے گئے ہیں۔
پی سی بی 31 جنوری تک اسکواڈ میں بغیر آئی سی سی کی اجازت کے تبدیلی کر سکتا ہے، اس کے بعد کسی بھی تبدیلی کے لیے آئی سی سی کی ٹیکنیکل کمیٹی سے منظوری ضروری ہوگی۔
ذرائع کے مطابق پاکستان بورڈ سری لنکا کے خلاف سیریز کے بعد ورلڈ کپ اور آسٹریلیا کے ساتھ سیریز کے لیے فائنل اسکواڈ کا اعلان کرے گا، کیونکہ بورڈ اس موقع پر کچھ کھلاڑیوں کی پرفارمنس کا جائزہ لینا چاہتا ہے۔ ابتدائی اسکواڈ میں دورہ سری لنکا کے کھلاڑیوں کے ساتھ بابر اعظم، شاہین آفریدی اور حارث رؤف کے نام بھی شامل ہیں۔
پاکستان ٹیم ورلڈکپ کے تمام میچز سری لنکا میں کھیلے گی۔
