اپریل 19, 2026

شیخ رشید کی چیف جسٹس سے 9 مئی کیسز میں اپیلیں سننے کی درخواست

عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے چیف جسٹس آف پاکستان سے اپیل کی ہے کہ 9 مئی کے مقدمات میں دائر اپیلوں کو جلد سنا جائے تاکہ ان کیسز کے فیصلے ممکن ہو سکیں۔
راولپنڈی کی انسداد دہشتگردی عدالت میں جی ایچ کیو حملہ کیس سمیت 9 مئی سے متعلق 12 مقدمات کی سماعت ہوئی، جس کے بعد عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ 9 مئی کے روز وہ پاکستان میں موجود نہیں تھے، تاہم ان کے خلاف کیسز زیر سماعت ہیں۔
شیخ رشید نے کہا کہ ملک اس وقت شدید مہنگائی اور بے روزگاری کا سامنا کر رہا ہے، جس کے باعث عام شہری شدید مشکلات میں مبتلا ہیں اور غریب طبقے کا چولہا جلانا مشکل ہو چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ انصاف میں تاخیر سے عوام کے مسائل مزید بڑھ رہے ہیں۔
انہوں نے چیف جسٹس سے دردمندانہ اپیل کرتے ہوئے کہا کہ اپیلوں کو سنے جانے میں کافی تاخیر ہو چکی ہے، اس لیے ضروری ہے کہ 9 مئی کے مقدمات میں جلد فیصلے کیے جائیں تاکہ انصاف کا عمل آگے بڑھ سکے اور عوام کو ریلیف مل سکے۔