امریکا میں پاکستان کے سفیر رضوان سعید شیخ نے کہا ہے کہ جنگ میں فتح کے بعد پاکستان کو جو مقام عالمی سطح پر ملا، وہ پہلے کبھی حاصل نہیں ہوا۔ انہوں نے بتایا کہ اس کامیابی کے بعد پاکستان کا وقار بین الاقوامی سطح پر نمایاں طور پر بلند ہوا ہے۔
واشنگٹن میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سفیر نے کہا کہ گزشتہ سال پاک امریکا تعلقات میں نمایاں بہتری آئی، دونوں ممالک کی اعلیٰ قیادت کے مابین متعدد رابطے ہوئے، اور اس کامیاب سفارت کاری کا کریڈٹ پاکستان کی قیادت کو جاتا ہے۔
رضوان سعید شیخ نے مزید کہا کہ پاکستان اور امریکا کے درمیان طویل شراکت داری جاری ہے، اور مستقبل میں اس تعلقات میں مزید بہتری کی توقع ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ پاکستان ہمیشہ بین الاقوامی سلامتی میں اپنا کردار ادا کرتا رہا ہے اور پاک امریکا شراکت داری عالمی امن و استحکام کے لیے اہم ہے۔




