جنوبی یمن میں علیحدگی پسند گروپ ایس ٹی سی نے دو سالہ ریاستی منصوبہ جاری کر دیا

جنوبی یمن کے علیحدگی پسند گروپ سدرن ٹرانزیشنل کونسل (STC) نے جنوبی یمن میں ایک خودمختار ریاست کے قیام کے لیے دو سالہ منصوبے کا اعلان کیا ہے۔ گروپ نے متنازعہ جنوبی یمن کے لیے نیا آئین اپنانے کا ارادہ بھی ظاہر کیا اور کہا کہ یہ اقدام علیحدگی نہیں بلکہ ریاست کی مکمل خودمختاری کی طرف ایک اہم قدم ہے۔

ایس ٹی سی نے ریاستی منصوبے کے تحت ریفرنڈم کرانے کا بھی اعلان کیا تاکہ عوام اس فیصلے کی حمایت یا مخالفت کا اظہار کر سکیں۔

دوسری جانب، گزشتہ روز یمن میں فضائی حملے میں علیحدگی پسند گروپ کے سات جنگجو ہلاک ہوگئے۔ غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق ایس ٹی سی کے عہدیداروں نے دعویٰ کیا کہ یہ حملے سعودی قیادت والے اتحاد کی جانب سے کیے گئے۔

رپورٹ کے مطابق، یہ حملے اس ماہ ایس ٹی سی کی جانب سے صوبہ حضرموت اور المہرہ کے بڑے حصوں پر قبضے کے بعد ہونے والے پہلے فضائی حملے ہیں جن میں جانی نقصان ہوا۔ عینی شاہدین نے بتایا کہ حضرموت کے شہر سیئون میں ہوائی اڈے اور ایک فوجی اڈے کو بھی نشانہ بنایا گیا۔

یہ پیش رفت یمن کے جنوبی علاقے میں سیاسی اور عسکری کشیدگی میں اضافہ کرتی نظر آ رہی ہے۔

Exit mobile version