گلیانہ (انصر فاروق مغل) گجرات پولیس نے منشیات فروشوں اور ناجائز اسلحہ رکھنے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن جاری رکھتے ہوئے مختلف کارروائیوں میں 12 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ کارروائیوں کے دوران 1400 گرام چرس، 35 لیٹر شراب اور بھاری مقدار میں ناجائز اسلحہ برآمد کیا گیا، جس میں 2 کلاشنکوف، ایک 44 بور، ایک 12 بور اور 3 عدد 30 بور شامل ہیں۔
تفصیلات کے مطابق ڈی پی او گجرات رانا عمر فاروق کی ہدایت اور ڈی ایس پی کھاریاں سرکل چوہدری شاہد محمود کی زیر نگرانی ایس ایچ او تھانہ ڈنگہ سب انسپکٹر اسلم ہنجرا نے اپنی ٹیم کے ہمراہ مختلف کارروائیاں کرتے ہوئے متعدد ملزمان کو گرفتار کیا۔

ایک کارروائی میں ملزمان کے قبضے سے 30 لیٹر شراب برآمد کی گئی، جبکہ دوسری کارروائی میں ملزم اسرار احمد سے 1400 گرام چرس برآمد ہوئی۔ اسی دوران ملزمان محمد عاصم اور حمزہ سے 2 عدد رائفل کلاشنکوف جبکہ ملزم نظر محمد عرف سانول سے 44 بور اسلحہ برآمد کیا گیا۔
دوسری جانب ایس ایچ او ککرالی سب انسپکٹر طاہر زمان نے اپنی پولیس ٹیم کے ہمراہ کارروائی کرتے ہوئے ملزمان راحیل عاصم اور نعمان یونس سکنہ بہورچھ سے 3 عدد 30 بور پسٹل برآمد کیے۔

اسی طرح ایس ایچ او گلیانہ انسپکٹر عباس شاہ نے بھی اپنی ٹیم کے ہمراہ کارروائیاں کرتے ہوئے ملزم سفیان عرف مانا سے 12 بور بندوق اور ملزم شہزاد خاور سے 5 لیٹر شراب برآمد کی۔
تمام گرفتار ملزمان کے خلاف الگ الگ مقدمات درج کر کے مزید تفتیش شروع کر دی گئی ہے، جبکہ پولیس کا کہنا ہے کہ منشیات اور اسلحہ مافیا کے خلاف کارروائیاں بلاامتیاز جاری رہیں گی۔






