اکتوبر 29, 2026

الریاض: UETAS کے زیر اہتمام شاندار نیٹ ورکنگ ایونٹ کا انعقاد ،سفیر پاکستان احمد فاروق کی بطور مہمان خصوصی شرکت

سعودی عرب (ادریس احمد سے )یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی (یو ای ٹی) کے سابق طلبہ کی تنظیم یو ای ٹی المنائی ایسوسی ایشن سعودی عرب کے زیرِ اہتمام الریاض میں نیٹ ورکنگ ایونٹ کا انعقاد کیاگیا ، جس میں سعودی عرب کے مختلف سرکاری و نجی اداروں سے وابستہ پاکستانی انجینئرز اور پروفیشنلز نے بڑی تعداد میں شرکت کی،تقریب کے مہمانِ خصوصی سفیرِ پاکستان احمد فاروق تھے، جبکہ معروف ٹرینر اور موٹیویشنل اسپیکر سید قاسم علی شاہ نے بھی خصوصی شرکت کی۔ ایونٹ کی میزبانی اور انتظامی امور میں مظہر علی (President UETAS)، عاصم جمیل (Vice President)، محسن علی زین (Chairman UETAS Riyadh Chapter)، عدنان لغاری (Vice Chair Riyadh) اور طارق شہزاد (UETAS Riyadh Chapter) نے اہم کردار ادا کیا،اس موقع پر سفیرِ پاکستان احمد فاروق نے اپنے خطاب میں کہا کہ سعودی عرب میں مقیم پاکستانی انجینئرز اور پروفیشنلز نہ صرف پاکستان کا مثبت تشخص اجاگر کر رہے ہیں بلکہ سعودی وژن 2030 کی کامیابی میں بھی نمایاں کردار ادا کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یو ای ٹی کے سابق طلبہ کا باہمی رابطہ، تجربات کا تبادلہ اور نوجوانوں کی رہنمائی قومی ترقی کے لیے نہایت اہم ہے،سفیرِ پاکستان نے مزید کہا کہ ایسے نیٹ ورکنگ فورمز نوجوان انجینئرز کے لیے نئے روزگار کے مواقع پیدا کرنے اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو نکھارنے میں مؤثر ثابت ہوتے ہیں۔ انہوں نے یو ای ٹی المنائی ایسوسی ایشن کی کوششوں کو سراہتے ہوئے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی،تقریب کا مقصد سعودی عرب میں خدمات انجام دینے والے پاکستانی انجینئرز کی کامیابیوں کو اجاگر کرنا اور ان کے درمیان مضبوط روابط قائم کرنا تھا۔ اس موقع پر اس عزم کا اظہار بھی کیا گیا کہ فورم کے ذریعے نوجوان انجینئرز کے لیے ملازمت کے مزید مواقع پیدا کیے جائیں گے اور مستحق طلبہ کے لیے نجی سطح پر اسکالرشپس کا سلسلہ وسیع کیا جائے گا،آخر میں شرکاء نے ایونٹ کے منتظمین کی کاوشوں کو سراہا اور امید ظاہر کی کہ مستقبل میں بھی ایسی مثبت سرگرمیوں کا سلسلہ جاری رہے گا۔