پاکستان کرکٹ ٹیم کے وکٹ کیپر بیٹر عثمان خان نے کہا ہے کہ ہیڈ کوچ مائیک ہیسن کی زیرِ نگرانی شاندار تیاری کی بدولت پاکستان کے پاس ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2026 جیتنے کا بہترین موقع ہے۔ عثمان خان نے بنگلا دیش پریمیئر لیگ کے دوران گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ورلڈ کپ سے قبل کوچز نے ٹیم کو بہترین تیاری کروائی ہے اور اگلے ماہ سری لنکا اور آسٹریلیا کے خلاف میچز کھیل کر ٹیم اپنی فارم کو مزید بہتر کرے گی۔
عثمان خان نے کہا کہ ٹیم کا کمبینیشن بہترین ہے اور وہ مکمل اعتماد کے ساتھ میدان میں اتریں گے۔ انہوں نے بتایا کہ وہ 7 جنوری سے سری لنکا کے شہر دمبولا میں پاکستان ٹیم کے ساتھ تین ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز کھیلیں گے، جو ورلڈ کپ سے قبل پچز کو سمجھنے اور فاسٹ بولنگ کے خلاف تیاری کا اہم موقع فراہم کرے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ بنگلا دیش میں کھیلنے سے مختلف کنڈیشنز میں ایڈجسٹ ہونے میں مدد ملی، اور پاکستان ان کی اولین ترجیح ہے۔ عثمان خان نے کہا کہ وہ اللہ کا شکر ادا کرتے ہیں کہ انہیں اپنے ملک کے لیے کھیلنے کا موقع ملا ہے۔
واضح رہے کہ آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 7 فروری سے بھارت میں شروع ہوگا، اور پاکستان اپنے تمام میچز سری لنکا میں کھیلے گا۔
مائیک ہیسن کی تربیت نے پاکستان کو ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ جیتنے کے مواقع فراہم کر دیے ہیں: عثمان خان
