وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر سی ایم انسپکشن ٹیم نے ایک ہی دن میں ضلع جہلم اور گجرات کے چار سرکاری ہسپتالوں کے اچانک دورے کیے۔ سی ایم انسپکشن ٹیم نے ضلعی اور تین تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتالوں کا تفصیلی معائنہ کیا۔
صوبائی معاونِ خصوصی شعیب مرزا نے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال جہلم، تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال سوہاوہ، گجر خان اور کھاریاں کے ٹی ایچ کیو ہسپتالوں کا دورہ کیا اور انتظامی و طبی سہولیات کا جائزہ لیا۔
ڈی ایچ کیو ہسپتال جہلم میں بدانتظامی سامنے آنے پر میڈیکل سپرنٹنڈنٹ کو عہدے سے ہٹا دیا گیا۔ معائنے کے دوران ایکسرے مشینوں کی خرابی، فلموں کی عدم دستیابی اور مجموعی ناقص انتظامات کا انکشاف ہوا۔ ہسپتال میں موجود مریضوں اور تیمارداروں نے انسپکشن ٹیم کے سامنے شکایات پیش کیں۔
تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال سوہاوہ میں انتظامات بہتر نہ ہونے پر ایم ایس اور دیگر عملے کو کڑی وارننگ جاری کی گئی۔ جبکہ گجر خان اور کھاریاں کے تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتالوں میں انتظامات کو تسلی بخش قرار دیتے ہوئے سی ایم انسپکشن ٹیم نے اطمینان کا اظہار کیا۔
سی ایم انسپکشن ٹیم کی سفارشات کی روشنی میں ڈی ایچ کیو ہسپتال جہلم کے ایم ایس کو عہدے سے ہٹانے کے باقاعدہ احکامات جاری کر دیے گئے۔
