وزیراعظم شہباز شریف کی کوہاٹ میں تیل و گیس کے ذخائر کی دریافت پر قوم کو مبارکباد

وزیراعظم شہباز شریف نے خیبرپختونخوا کے ضلع کوہاٹ میں ناشپا بلاک میں تیل و گیس کے بڑے ذخائر کی دریافت پر قوم کو مبارکباد دی اور متعلقہ اداروں کی خدمات کی تعریف کی۔
پیٹرولیم ڈویژن کے امور پر ہونے والے اجلاس میں وزیراعظم نے کہا کہ ملک میں تیل و گیس کے نئے ذخائر کی دریافت ہماری ترجیحات میں شامل ہونی چاہیے تاکہ پیٹرولیم مصنوعات کی درآمد کی مد میں خرچ ہونے والا زر مبادلہ بچایا جا سکے۔
وزیراعظم نے تیل و گیس کی سپلائی چین کو درآمد سے لے کر صارفین تک ترجیحی بنیادوں پر ڈیجیٹائز کرنے کی بھی ہدایت کی۔ ان کا کہنا تھا کہ سپلائی چین کی ڈیجیٹائزیشن سے اسمگلنگ روکی جا سکتی ہے اور قومی خزانے کو فائدہ پہنچے گا۔
آئل اینڈ گیس ڈیولپمنٹ کمپنی (او جی ڈی سی ایل) نے اجلاس کو بریفنگ میں بتایا کہ ضلع کوہاٹ کے ناشپا بلاک میں تیل و گیس کے بڑے ذخائر دریافت کر لیے گئے ہیں۔ ابتدائی ٹیسٹ کے مطابق یومیہ 4100 بیرل خام تیل اور یومیہ 10.5 ملین اسٹینڈرڈ کیوبک فٹ گیس حاصل ہونے کی توقع ہے۔
او جی ڈی سی ایل نے مزید بتایا کہ تیل و گیس کی دریافت کے لیے زمین میں 5 ہزار 170 میٹر کی کھدائی کی گئی، اور منصوبے میں او جی ڈی سی، پی پی ایل اور گورنمنٹ ہولڈنگز پرائیویٹ لمیٹڈ شراکت دار ہیں۔

Exit mobile version