نونانوالی ( ڈاکٹر غلام شبیر) چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی گجرات، ڈاکٹر سید عطاء المُنعم نے آج الصبح تحصیل لیول ہسپتال لالہ موسیٰ کا تفصیلی دورہ کیا۔ دورے کے دوران انہوں نے رجسٹریشن کاؤنٹر پر مریضوں کی آن لائن رجسٹریشن کے عمل کا معائنہ کیا اور سسٹم کی فعالیت کا جائزہ لیا۔
بعد ازاں سی ای او ہیلتھ نے ایکسرے ڈیپارٹمنٹ، ایمرجنسی سروسز اور نان کمیونیکیبل ڈیزیزز (NCDs) پروگرام کے مختلف انڈیکیٹرز کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اس موقع پر قائمقام انچارج میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر نائلہ بھی ان کے ہمراہ موجود تھیں۔
سی ای او ہیلتھ نے این سی ڈیز پروگرام میں تعینات عملے کو ہدایت کی کہ مریضوں کے وائٹلز سمیت دیگر طبی پیرامیٹرز کو باقاعدگی سے آن لائن سسٹم میں درج کیا جائے تاکہ ڈیٹا کی درست اور بروقت رپورٹنگ کو یقینی بنایا جا سکے۔
دورے کے دوران انہوں نے ایمرجنسی ڈیپارٹمنٹ میں زیرِ علاج مریضوں سے براہِ راست فیڈ بیک بھی لیا اور مریضوں کو فراہم کی جانے والی طبی سہولیات اور نگہداشت کے معیار کو مزید بہتر بنانے کے لیے متعلقہ عملے کو ضروری ہدایات جاری کیں۔
