نظام ساکت، 2026 بھی سزاؤں کا سال لگ رہا ہے: پی ٹی آئی چیئرمین گوہر علی خان

تحریک انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہر علی خان نے اڈیالہ جیل داہگل ناکے پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ "ہمارے لیے نظام ساکت ہو چکا ہے، لگ رہا ہے کہ 2026 بھی سزاؤں کا سال ہوگا، صاحب اقتدار لوگ کوئی طریقہ نکالیں تاکہ حالات بہتر ہوں۔”
چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ وہ ہر منگل کو جیل پہنچتے ہیں، مقررہ وقت تک انتظار کے بعد واپس چلے جاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملاقات کی بھیک مانگنے میں دوسروں کے ساتھ اپنے لوگوں کا بھی ہاتھ ہے، اور مذاکرات جس شدت سے چل رہے ہیں، وہ حالات کا تقاضا پورا نہیں کر رہے۔
بیرسٹر گوہر نے مزید کہا کہ پارٹی کے بانی اور بشریٰ بی بی سمیت 16 ارکان پارلیمنٹ کو سزا ہوئی ہے، دشمن کے ساتھ سیز فائر ہونے کے باوجود آپس کا تناؤ ختم نہیں ہو رہا۔ انہوں نے زور دیا کہ پی ٹی آئی نے کبھی مذاکرات کال آف نہیں کیے، اور اسٹریٹ موومنٹ پارٹی کا آئینی حق ہے۔
گوہر علی خان نے سہیل آفریدی کے لاہور دورے پر کہا کہ پارٹی کی مشاورت شامل نہیں تھی بلکہ یہ بانی کی ہدایات تھیں، اور پارٹی کے اندر مذاکرات کا اختیار محمود اچکزئی اور علامہ ناصر عباس کے پاس ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ کم از کم بشریٰ بی بی کی ملاقات کی اجازت دی جائے تاکہ معاملات بہتر طریقے سے آگے بڑھ سکیں۔

Exit mobile version