گجرات میں افسوسناک ٹریفک حادثہ پیش آیا، جہاں چلتی بس کے ڈرائیور کو دل کا دورہ پڑنے کے باعث بس بے قابو ہو گئی اور دوسری بس سے ٹکرا گئی۔ حادثے کے نتیجے میں بس ڈرائیور موقع پر ہی جاں بحق ہو گیا جبکہ 11 افراد زخمی ہو گئے۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق یہ واقعہ ساروکی کے قریب پیش آیا، جہاں دورانِ سفر بس ڈرائیور کو اچانک دل کا دورہ پڑا، جس کے باعث بس کا کنٹرول ختم ہو گیا اور سامنے سے آنے والی دوسری بس سے جا ٹکرائی۔
ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ حادثے میں ملوث دونوں بسیں یونیورسٹی آف گجرات کی تھیں، جو گجرات سے علی پور چٹھہ جا رہی تھیں۔ حادثے کے وقت بسوں میں طالبات اور یونیورسٹی اسٹاف سوار تھا۔
حادثے کے نتیجے میں طالبات اور یونیورسٹی عملے سمیت 11 افراد زخمی ہوئے، جنہیں ریسکیو ٹیموں نے موقع پر ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے بعد قریبی ہسپتال منتقل کر دیا۔ زخمیوں کی حالت خطرے سے باہر بتائی جا رہی ہے۔
گجرات: چلتی بس کے ڈرائیور کو دل کا دورہ، حادثے میں 11 افراد زخمی، ڈرائیور جاں بحق
