لاہور سمیت مختلف شہروں میں شدید دھند، فضائی اور زمینی آمدورفت بری طرح متاثر

لاہور کے مختلف علاقوں میں شدید دھند کا سلسلہ جاری ہے جس کے باعث فضائی اور زمینی نظامِ آمدورفت بری طرح متاثر ہو گیا ہے۔ کم حدِ نگاہ کے سبب لاہور ایئرپورٹ پر گزشتہ آٹھ گھنٹوں سے فلائٹ آپریشن معطل رہا، جس کے نتیجے میں متعدد پروازیں متاثر ہوئیں۔

ذرائع کے مطابق چار پروازوں کو لاہور کے بجائے اسلام آباد اتارا گیا جبکہ لاہور سے دبئی، ابوظہبی، جدہ اور کراچی جانے والی کئی پروازیں منسوخ کر دی گئیں۔ دھند کے باعث مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

دوسری جانب دھند نے سڑکوں پر ٹریفک کی روانی بھی متاثر کی۔ موٹر وے ایم ٹو کو بلکسر سے کوٹ مومن تک لاہور کی سمت بند کر دیا گیا، جبکہ موٹر وے ایم تھری فیض پور سے سمندری تک ٹریفک کے لیے بند رہی۔ اسی طرح سیالکوٹ موٹر وے ایم الیون پر بھی دھند کے باعث آمدورفت معطل کر دی گئی۔

ادھر خیبر پختونخوا کے بیشتر علاقوں میں بھی دھند چھائی ہوئی ہے، جس کی وجہ سے حدِ نگاہ انتہائی کم ہو گئی ہے اور شہریوں کو محتاط رہنے کی ہدایت کی جا رہی ہے۔ متعلقہ ادارے صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہیں۔

Exit mobile version