بنگلہ دیش کی سابق وزیراعظم خالدہ ضیاء انتقال کر گئیں

بنگلہ دیش کی سابق وزیراعظم اور بنگلہ دیش نیشنل پارٹی کی سربراہ خالدہ ضیاء 80 برس کی عمر میں انتقال کر گئیں۔

بنگلہ دیش نیشنل پارٹی کے مطابق خالدہ ضیاء کا انتقال دارالحکومت ڈھاکا کے ایک اسپتال میں مقامی وقت کے مطابق صبح 6 بجے ہوا۔ وہ طویل عرصے سے مختلف بیماریوں میں مبتلا تھیں۔

پارٹی ذرائع کے مطابق پیر کی شب ان کی طبیعت انتہائی خراب ہو گئی تھی، جس کے بعد انہیں لائف سپورٹ پر منتقل کیا گیا، تاہم عمر اور بگڑتی صحت کے باعث جانبر نہ ہو سکیں۔

خالدہ ضیاء بنگلہ دیش کے سابق صدر ضیاء الرحمان کی اہلیہ تھیں اور وہ ملک کی پہلی خاتون وزیراعظم بھی تھیں۔ انہوں نے پہلی بار 1991 میں وزارتِ عظمیٰ کا منصب سنبھالا جبکہ 2001 میں دوسری بار وزیراعظم منتخب ہوئیں۔

اکتوبر 2006 میں عام انتخابات سے قبل انہوں نے اقتدار چھوڑ دیا تھا۔ اپنے سیاسی کیریئر کے دوران ان پر کرپشن کے الزامات بھی عائد ہوئے اور 2018 میں انہیں پانچ سال قید کی سزا سنائی گئی۔

خالدہ ضیاء کی عوامی لیگ کی سربراہ شیخ حسینہ واجد کے ساتھ طویل سیاسی رقابت رہی، جبکہ ان کے صاحبزادے طارق رحمان 17 برس کی جلاوطنی کے بعد چند روز قبل بنگلہ دیش واپس پہنچے تھے۔

Exit mobile version