نومبر 2, 2026

سٹی کورٹ میں ہنگامہ، یوٹیوبر رجب بٹ پر وکلا کا تشدد ، ضمانت کی سماعت ملتوی

سٹی کورٹ میں ضمانت کے لیے آنے والے معروف یوٹیوبر رجب بٹ کو وکلا کی جانب سے تشدد کا نشانہ بنا دیا گیا۔ واقعہ اس وقت پیش آیا جب رجب بٹ توہینِ مذہب کے مقدمے میں درخواستِ ضمانت کی سماعت کے لیے اپنے وکلا کے ہمراہ عدالت پہنچے۔
عینی شاہدین کے مطابق رجب بٹ کے عدالت پہنچتے ہی وہاں موجود بعض وکلا اور وکلا کے لباس میں موجود دیگر افراد نے انہیں گھیر لیا اور تشدد کا نشانہ بنایا، جس کے باعث عدالت میں کشیدگی کی صورتحال پیدا ہو گئی۔
اس حوالے سے وکلا رہنماؤں کا مؤقف ہے کہ عبوری ضمانت حاصل کرنے کے بعد رجب بٹ نے ایک وی لاگ جاری کیا جس میں انہوں نے مدعی مقدمہ کے بارے میں نامناسب الفاظ استعمال کیے، جس پر وکلا میں شدید غم و غصہ پایا جاتا تھا۔
وکلا کی ہڑتال کے باعث عدالت نے رجب بٹ کی درخواستِ ضمانت پر سماعت بغیر کسی کارروائی کے 13 جنوری تک ملتوی کر دی، جبکہ عدالت نے رجب بٹ کی عبوری ضمانت میں بھی 13 جنوری تک توسیع کر دی ہے۔
واقعے کے بعد سٹی کورٹ میں سیکیورٹی سخت کر دی گئی، جبکہ معاملے پر قانونی اور سماجی حلقوں میں مختلف ردِعمل سامنے آ رہا ہے۔