پاکستان کرکٹ ٹیم کا 15 رکنی ٹی ٹوئنٹی اسکواڈ سری لنکا کے لیے اعلان

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے سری لنکا کے ساتھ شیڈول 3 میچز کی ٹی ٹوئنٹی سیریز کے لیے قومی کرکٹ ٹیم کا 15 رکنی اسکواڈ اعلان کر دیا ہے۔ اسکواڈ کی قیادت سلمان علی آغا کریں گے، جبکہ وکٹ کیپر بلے باز خواجہ نافع کو پہلی بار ٹی ٹوئنٹی اسکواڈ میں شامل کیا گیا ہے۔ شاداب خان بھی کندھے کی سرجری کے بعد اسکواڈ میں واپسی کر چکے ہیں۔

بابر اعظم اور شاہین آفریدی اس اسکواڈ کا حصہ نہیں ہیں اور حارث رؤف کو ایک بار پھر زیر غور نہیں لیا گیا۔ اسکواڈ میں شامل کھلاڑیوں میں کپتان سلمان علی آغا، عبدالصمد، ابرار احمد، فہیم اشرف، فخر زمان، خواجہ محمد نافع، محمد نواز، محمد سلمان مرزا، محمد وسیم جونیئر، نسیم شاہ، صاحبزادہ فرحان، صائم ایوب، شاداب خان، عثمان خان اور عثمان طارق شامل ہیں۔

پاکستان کرکٹ ٹیم 4 اور 5 جنوری 2026 کو مرحلہ وار سری لنکا روانہ ہوگی۔ سری لنکا کے ساتھ تین ٹی ٹوئنٹی میچز 7، 9 اور 11 جنوری کو دمبولا میں کھیلے جائیں گے۔ یہ سیریز ورلڈ کپ اسکواڈ کے انتخاب میں بھی مددگار ثابت ہوگی۔

پی سی بی نے ٹیم مینجمنٹ کا بھی اعلان کیا ہے: نوید اکرم چیمہ ٹیم منیجر ہوں گے، مائیک ہیسن وائٹ بال ہیڈ کوچ، ایشلے نوفکی بولنگ کوچ، محمد حنیف ملک بیٹنگ کوچ اور شین مکڈرموٹ فیلڈنگ کوچ کے فرائض انجام دیں گے۔ کلف ڈیکن فزیوتھراپسٹ، گرانٹ لوڈن اسٹرینتھ اینڈ کنڈیشننگ کوچ، طلحہٰ اعجاز ٹیم اینالسٹ اور سید نعیم احمد ٹیم کے میڈیا منیجر ہوں گے۔

Exit mobile version