میر سرفراز بگٹی بگٹی قبائل کے نئے چیف نامزد ، ڈیرہ بگٹی میں دستار بندی کی تاریخی تقریب آج ہوگی

وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کو بگٹی قبائل کی جانب سے قبائل کا نیا چیف نامزد کر دیا گیا ہے۔ قبائلی عمائدین کے متفقہ فیصلے کے تحت میر سرفراز بگٹی کو بگٹی قبائل کے قبائلی سیٹ اپ میں چیف آف بگٹیز کی ذمہ داری سونپی گئی ہے، جس کے بعد وہ بگٹی قبائل کے آٹھویں چیف آف بگٹی قرار پائے ہیں۔

قبائلی عمائدین نے اس موقع پر میر سرفراز بگٹی کی کامیابی، سلامتی اور قبائل کے لیے بہتر قیادت کے لیے خصوصی دعائیں کیں۔ ان کا کہنا تھا کہ میر سرفراز بگٹی قبائلی روایات، اتحاد اور قبائل کے وقار کو برقرار رکھنے کی بھرپور صلاحیت رکھتے ہیں۔

ڈیرہ بگٹی کے علاقے بیکڑ میں آج دستار بندی کی باوقار تقریب منعقد کی جائے گی، جس میں میر سرفراز بگٹی کو باضابطہ طور پر چیف آف بگٹیز کی دستار پہنائی جائے گی۔ تقریب میں بگٹی قبائل کے تمام چیف، وڈیرے اور معتبرین شرکت کریں گے۔

شرکاء میں بگٹی قبائل کے شمبانی، کلپر، موندرانی، پیروزانی، نوتھانی اور ڈومب قبائل کے چیف شامل ہوں گے، جبکہ نواب بگٹی خاندان کے افراد بھی خصوصی طور پر تقریب میں شریک ہوں گے اور قبائلی روایت کے مطابق دستار بندی کی رسم ادا کریں گے۔

Exit mobile version