اسلام آباد میں بغیر ایم ٹیگ گاڑیوں کا داخلہ بند یکم جنوری 2026ء سے سخت کارروائی کا آغاز

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں یکم جنوری 2026ء سے بغیر ایم ٹیگ گاڑیوں کے داخلے پر مکمل پابندی عائد کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔ اس فیصلے کا مقصد ٹریفک نظام کو مؤثر بنانا اور شہر میں داخل ہونے والی گاڑیوں کی بہتر مانیٹرنگ کو یقینی بنانا ہے۔

ڈپٹی کمشنر اسلام آباد عرفان میمن نے اس حوالے سے بتایا کہ وزیر داخلہ سینیٹر محسن نقوی کی ہدایات پر بغیر ایم ٹیگ گاڑیوں کے خلاف کارروائیاں عمل میں لائی جائیں گی۔ ان کا کہنا تھا کہ ایم ٹیگ کے حصول کے لیے شہر کے مختلف علاقوں میں 16 مراکز قائم کیے گئے ہیں، جہاں 14 نومبر سے اب تک تقریباً ایک لاکھ گاڑیوں کو ایم ٹیگ جاری کیے جا چکے ہیں۔

ڈپٹی کمشنر نے مزید بتایا کہ بغیر ایم ٹیگ گاڑیوں کی نشاندہی کے لیے جدید ٹیگ ریڈرز نصب کیے گئے ہیں، جو اسلام آباد کے مختلف انٹری پوائنٹس اور ناکہ جات پر کام کریں گے۔ ان ٹیگ ریڈرز کی مدد سے بغیر ایم ٹیگ گاڑیوں کو فوری طور پر شناخت کیا جا سکے گا۔

عرفان میمن کے مطابق یکم جنوری 2026ء سے تمام ٹیگ ریڈرز مکمل طور پر فعال کر دیے جائیں گے، جس کے بعد بغیر ایم ٹیگ گاڑیوں کو وفاقی دارالحکومت میں داخلے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ انتظامیہ نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ بروقت ایم ٹیگ حاصل کر کے کسی بھی قسم کی کارروائی سے بچیں۔

Exit mobile version