انتظامیہ لاعلمی کا بہانہ بنا کر توہینِ عدالت کی سزا سے نہیں بچ سکتی: تجاوزات متاثرین نمائندہ کمیٹی ڈنگہ

ہائیکورٹ میں دوران سماعت اسسٹنٹ ایڈووکیٹ جنرل رانا شیر زمان اکرم نے ایم سی ڈنگہ، اے سی کھاریاں اور حکومت پنجاب سمیت کی نمائندگی کی


ڈنگہ: تجاوزات متاثرین نمائندہ کمیٹی ڈنگہ نے اپنے جاری کردہ بیان میں کہا ہے کہ انتظامیہ اپنے روئیے سے لاعلمی کا بہانہ بنا کر عدالت عالیہ کے احکامات کی خلاف ورزی کی تیاری کرتی دکھائی دے رہی ہے۔ سٹے آرڈر کے دوران انتظامیہ یا کوئی فرد کسی قسم کی کارروائی کا مجاز نہیں ہوتا۔ ایسی کسی صورت میں توہین عدالت کی سزا سے بچ نہ سکیں گے۔ بدقسمتی سے قبل از ایں متعدد مرتبہ سول کورٹ اور ہائیکورٹ کی احکامات کی کھلی خلاف ورزی کے مرتکب ہو چکے ہیں جس پر ان کے خلاف توہین عدالت کے مقدمات زیرسماعت ہیں۔ مذکورہ مقدمات میں بھی انتظامیہ کے خلاف توہین عدالت کے ٹھوس شواہد موجود ہیں۔ حالیہ پیٹیشن کی سماعت کے دوران اسسٹنٹ ایڈووکیٹ جنرل رانا شیر زمان اکرم نے ایم سی ڈنگہ، اے سی کھاریاں اور حکومت پنجاب سمیت کی نمائندگی کی۔ ہائیکورٹ میں زیرسماعت مقدمات کے آرڈرز کے بارے میں ایڈووکیٹ جنرل آفس متعلقہ محکموں کو فوری آگاہ کرتا ہے۔ ڈنگہ شہر میں فروری سے ہونیوالا تجاوزات آپریشن حقائق، سرکاری ریکارڈ اور آئین و قانون کے صریحا منافی تھا۔ جس نے اہلیان شہر کو اربوں روپے کا ناقابل تلافی نقصان پہنچا کر معاشی طور پیچھے دھکیل دیا اور بے روزگاری میں اضافہ کیا۔ غیرقانونی اقدامات اور انسانی حقوق کی مسلسل پامالی کا سلسلہ جاری رہا تو اہلیان شہر قانونی دائرے میں ہر سطح پر احتجاج کا حق رکھتے ہیں۔

Exit mobile version