ایران امریکا، اسرائیل اور یورپ کے ساتھ حالتِ جنگ میں ہے، ایرانی صدر مسعود پزشکیان

ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے کہا ہے کہ ایران اس وقت امریکا، اسرائیل اور یورپی ممالک کے ساتھ حالتِ جنگ میں ہے تاہم ایران فوجی لحاظ سے پہلے سے کہیں زیادہ مضبوط ہو چکا ہے۔ ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ امریکا، اسرائیل اور یورپی طاقتیں ایران کو جھکانا چاہتی ہیں اور ملک میں اندرونی انتشار پیدا کرنے کی کوشش کر رہی ہیں تاکہ دوبارہ حملے کا جواز بنایا جا سکے۔

ایرانی صدر کا کہنا تھا کہ موجودہ جنگ ایران، عراق جنگ سے بھی زیادہ پیچیدہ اور مشکل نوعیت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایران کو مختلف محاذوں پر دباؤ کا سامنا ہے لیکن قوم اور ریاست اس صورتحال سے نمٹنے کی مکمل صلاحیت رکھتی ہے۔

یہ بیان ایسے وقت سامنے آیا ہے جب آئندہ پیر کو اسرائیلی وزیراعظم کی واشنگٹن میں امریکی صدر سے ملاقات متوقع ہے، جس میں ایران سے متعلق امور زیرِ بحث آنے کا امکان ہے۔ واضح رہے کہ رواں سال جون میں 12 روزہ فضائی جنگ کے دوران اسرائیلی اور امریکی حملوں میں ایران کے تقریباً 1100 شہری جاں بحق ہوئے تھے جن میں اعلیٰ فوجی کمانڈر اور جوہری سائنس دان بھی شامل تھے، جبکہ ایرانی میزائل حملوں میں اسرائیل میں 28 افراد ہلاک ہوئے تھے۔

Exit mobile version