نونانوالی ( ڈاکٹر غلام شبیر) ضلعی انتظامیہ نے ضلع میں بلا اجازت قائم میڈیکل سٹورز اور جعلی ڈاکٹرز کے خلاف سخت اقدامات کا فیصلہ کر لیا ہے۔ ڈپٹی کمشنر ملیحہ رشید نے محکمہ صحت کے تمام اہلکاروں کو بلاتفریق کریک ڈاؤن کے لیے فری ہینڈ دیتے ہوئے کہا ہے کہ ضلع میں قائم تمام غیر قانونی میڈیکل سٹورز اور عطائیوں کو ریڈار پر رکھا جائے اور کسی قسم کی رعایت نہ برتی جائے۔
ڈپٹی کمشنر کی سربراہی میں سی ای او ہیلتھ، ڈی ایچ اوز، ڈی ڈی ایچ اوز اور ڈرگ انسپکٹرز کے ساتھ میٹنگ کی گئی جس میں رواں ماہ ڈرگ مافیا اور عطائیت کے خلاف 35 کیسز رپورٹ ہونے اور 22 کیسز ڈرگ کورٹ بھجوانے کی تفصیلات فراہم کی گئیں۔ 8 کیسز میں وارننگ دی گئی جبکہ 8 کیسز کی آئندہ کی پیشی مقرر کر دی گئی ہے۔ ڈپٹی کمشنر ملیحہ رشید نے کہا کہ ڈرگ سٹورز کی موثر مانیٹرنگ ضروری ہے اور ڈرگ انسپکٹرز کے وزٹس کا دائرہ کار دور دراز دیہات تک بڑھایا جائے تاکہ انسانی زندگیوں کے دشمنوں سے کسی قسم کی رعایت نہ برتی جائے۔





