انگلینڈ کے فاسٹ بولر جوفرا آرچر بائیں جانب اسٹرین کے باعث آسٹریلیا کے خلاف آخری دو ایشز ٹیسٹ میچز سے باہر ہو گئے، جس کے بعد انگلینڈ کا دورہ مزید مشکلات کا شکار ہو گیا ہے۔ انگلش کرکٹ بورڈ نے جوفرا آرچر کی جگہ فاسٹ بولر گس ایٹکنسن کو ٹیم میں شامل کر لیا ہے، جبکہ بیٹنگ آل راؤنڈر جیکب بیتھل بھی ٹیم میں شامل کیے گئے ہیں اور وہ نمبر 3 پر اولی پاپ کی جگہ بیٹنگ کریں گے۔
اولی پاپ کو خراب فارم کے باعث چوتھے ٹیسٹ سے ڈراپ کر دیا گیا ہے۔ ان کی اس سیریز میں بہترین اننگز پرتھ ٹیسٹ میں 46 رنز رہی۔ اوپنر بین ڈکٹ، کم رنز بنانے کے باوجود ٹیم میں اپنی جگہ برقرار رکھنے میں کامیاب رہے، انہوں نے 6 اننگز میں مجموعی طور پر 97 رنز بنائے، جس میں زیادہ سے زیادہ اسکور 29 رہا۔
دوسری جانب انگلینڈ ٹیم کے ڈائریکٹر راب کی نے تصدیق کی ہے کہ دوسرے اور تیسرے ٹیسٹ کے درمیان کھلاڑیوں کی حد سے زیادہ شراب نوشی کی رپورٹس کا جائزہ لیا جائے گا۔
