9 مئی کیسز: انسداد دہشتگردی عدالت کا تفصیلی فیصلہ، 7 ملزمان کو سزائیں، 23 بری

لاہور کی انسداد دہشتگردی عدالت نے 9 مئی کو گلبرگ کے علاقے میں جلاؤ گھیراؤ اور گاڑیاں نذرِ آتش کرنے کے دو مقدمات کا تفصیلی تحریری فیصلہ جاری کر دیا ہے۔ عدالت نے شواہد ناکافی ہونے پر 23 ملزمان کو بری کرنے کا حکم دیا، جبکہ پی ٹی آئی رہنماؤں سمیت 7 ملزمان کو جرم ثابت ہونے پر قید کی سزائیں سنائی گئیں۔

عدالت نے پی ٹی آئی کے سینئر رہنما میاں محمود الرشید کو مختلف دفعات کے تحت مجموعی طور پر 33 سال قید اور 6 لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنائی۔ تحریری فیصلے کے مطابق ڈاکٹر یاسمین راشد، عمر سرفراز چیمہ اور اعجاز چوہدری کو 10، 10 سال قید کی سزا دی گئی ہے۔

فیصلے میں کہا گیا ہے کہ ڈاکٹر یاسمین راشد، اعجاز چوہدری اور عمر سرفراز چیمہ کا سازش سے متعلق میٹنگ میں موجود ہونا ثابت ہوتا ہے، جبکہ پراسیکیوشن کے مطابق ان رہنماؤں نے جلاؤ گھیراؤ کے لیے عوام میں انتشار پھیلایا۔

تحریری فیصلے کے مطابق پراسیکیوشن کی جانب سے مختلف واٹس ایپ پیغامات، 70 سوشل میڈیا اکاؤنٹس کی تفصیلات اور ملزمان کے خلاف فارنزک رپورٹس عدالت میں پیش کی گئیں۔ عدالت نے قرار دیا کہ جے آئی ٹی کی تفتیشی ٹیم نے ملزمان کو قصور وار ٹھہرایا اور ملزمان نے جے آئی ٹی رپورٹ کو کسی بھی فورم پر چیلنج نہیں کیا۔

عدالت کے مطابق ملزمان نے اپنے حتمی بیانات میں خود کو بے گناہ قرار دیا، تاہم دستیاب شواہد کی بنیاد پر سزائیں سنائی گئیں۔

Exit mobile version