اسلام آباد :چیف آف ڈیفنس اسٹاف فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کہا ہے کہ دشمن عناصر کھلے تصادم کے بجائے بالواسطہ اور مبہم طریقے اختیار کر رہے ہیں، جن میں اندرونی کمزوریوں سے فائدہ اٹھانے کے لیے پراکسیز کا استعمال شامل ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق، فیلڈ مارشل نے نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی اسلام آباد کا دورہ کیا، جہاں انہیں نیشنل سکیورٹی اینڈ وار کورس کے سول اور عسکری پینلز نے قومی سلامتی کو درپیش چیلنجز پر بریفنگ دی۔
فیلڈ مارشل نے کہا کہ ملک کو وسیع اور مسلسل نوعیت کے چیلنجز کا سامنا ہے، جن میں روایتی، غیر روایتی، انٹیلی جنس، سائبر، اطلاعاتی، عسکری، معاشی اور دیگر شعبے شامل ہیں۔ ان چیلنجز سے نمٹنے کے لیے ہمہ جہتی تیاری اور قومی طاقت کے تمام عناصر کی ہم آہنگی ناگزیر ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ مستقبل کے رہنماؤں کو ان چیلنجز کو پہچاننے اور مقابلے کی تربیت دی جانی چاہیے۔ پیشہ ورانہ عسکری تعلیم ادارہ جاتی صلاحیت مضبوط بنانے میں کلیدی کردار ادا کرتی ہے اور طویل المدتی قومی استحکام کو یقینی بنانے میں بھی مرکزی اہمیت رکھتی ہے۔ شرکاء کو دیانت، نظم و ضبط، بے لوث خدمت، چوکس اور ثابت قدم رہنے کی تاکید کی گئی۔
