قومی ائیر لائن کی نجکاری کے عمل میں اہم پیش رفت سامنے آ گئی ہے جہاں نجکاری کا پہلا مرحلہ مکمل ہو گیا۔ قومی ائیر لائن کی خریداری کے لیے تین پری کوالیفائیڈ بڈرز نے اپنی بولیاں جمع کرا دی ہیں، جنہیں آج سہ پہر ساڑھے تین بجے کھولا جائے گا۔
نجکاری کمیشن کے مطابق بولیوں کے کھلنے کے بعد پرائیویٹائزیشن کمیشن بورڈ کا اجلاس ہوگا جس میں ریفرنس قیمت طے کی جائے گی، بعد ازاں یہ ریفرنس قیمت کابینہ کمیٹی برائے نجکاری کے سامنے منظوری کے لیے پیش کی جائے گی۔
مشیر برائے نجکاری محمد علی نے بڈنگ کے پہلے مرحلے کی تکمیل کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ قومی ائیر لائن کی نجکاری کی جانب ایک بڑا اور اہم قدم ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ریزرو پرائس کو مکمل طور پر خفیہ رکھا گیا ہے، جس کی منظوری پہلے پی سی بورڈ اور پھر کابینہ کمیٹی دے گی۔
مشیر نجکاری کے مطابق یہ ایک تاریخی مرحلہ ہے کیونکہ گزشتہ بیس برسوں میں اس سطح کی کوئی بڑی نجکاری عمل میں نہیں آئی، اور حکومت معاشی اصلاحات کے ایجنڈے کے تحت اس عمل کو شفاف اور مؤثر طریقے سے مکمل کرنے کے لیے پُرعزم ہے۔
قومی ائیر لائن کی نجکاری کا پہلا مرحلہ مکمل، تین بڈرز کی بولیاں جمع
