راولپنڈی: چیف آف ڈیفنس فورسز آرمی چیف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے پاکستان انڈر 19 ٹیم سے ملاقات کی، جس میں ٹیم کی بھارت کے خلاف ایشیا کپ فائنل میں فتح کو پوری قوم کے لیے باعثِ فخر قرار دیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق جی ایچ کیو میں ہونے والی اس ملاقات میں فیلڈ مارشل نے کھلاڑیوں، ٹیم مینجمنٹ اور آفیشلز کو مبارکباد دی۔ انہوں نے ٹیم کے نظم و ضبط، باہمی تعاون اور جرات مندانہ کھیل کو سراہا۔
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کھلاڑیوں کو مسلسل اعلیٰ کارکردگی کے لیے کوشاں رہنے کی تلقین کی اور کہا کہ کھلاڑی پیشہ ورانہ معیار برقرار رکھیں اور میدان کے اندر اور باہر ملک کے سفیر بن کر رہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کے نوجوان قوم کے مستقبل کی بنیاد ہیں، اور ان کی توانائی، صلاحیت اور کردار ملک کی ترقی اور عالمی سطح پر اس کے وقار کی تشکیل کریں گے۔
قومی انڈر 19 کرکٹ ٹیم نے حوصلہ افزائی اور سرپرستی پر فیلڈ مارشل کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ یہ اعزاز مزید محنت اور بہتر کارکردگی کے لیے زبردست حوصلہ افزائی کا سبب بنے گا۔
