وزیراعظم شہباز شریف کا قومی انڈر 19 کرکٹ ٹیم کو بھارت کے خلاف فتح پر 1،1 کروڑ روپے انعام

وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے ایشین انڈر 19 چیمپئن ٹیم کے بھارت کے خلاف فائنل میں کامیابی پر قومی ٹیم کے ہر کھلاڑی کے لیے 1،1 کروڑ روپے دینے کا اعلان کیا ہے۔ وزیراعظم نے ٹیم کے اعزاز میں استقبالیہ میں شرکت کی اور فرداً فرداً کھلاڑیوں سے مصافحہ کیا، ان کی حوصلہ افزائی کی اور بہترین کارکردگی پر مبارکباد پیش کی۔

استقبالیے کے بعد کھلاڑیوں کے اعزاز میں پرتکلف ظہرانہ دیا گیا، وزیراعظم نے کھلاڑیوں کے ہمراہ کھانا بھی کھایا اور فرداً فرداً گپ شپ لگائی۔ کھلاڑیوں نے بھرپور عزت افزائی پر وزیراعظم اور عوام کا شکریہ ادا کیا۔ کھلاڑیوں کی جانب سے بہترین کارکردگی کے تسلسل کو برقرار رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔

اس موقع پر قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور پاکستان انڈر 19 ٹیم کے مینٹور سرفراز احمد نے کہا کہ وزیراعظم نے کھلاڑیوں کے لیے ایک، ایک کروڑ روپے انعام کا اعلان کیا ہے، اور مستقبل میں یہ نوجوان پلیئر ملک کا نام روشن کریں گے۔

وزیراعظم نے کہا کہ کھلاڑیوں نے دنیا بھر میں پاکستان کا نام روشن کیا، اور بھارت کو تاریخی شکست دی۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ ٹیم اپنی کارکردگی کے تسلسل کو برقرار رکھے گی اور بہت جلد انڈر 19 ورلڈ کپ بھی پاکستان لائے گی۔ وزیراعظم نے چیئرمین پی سی بی محسن نقوی اور وفاقی وزرا کو ہدایت کی کہ کھلاڑیوں کو ہر ممکن سہولت فراہم کی جائے۔

شہباز شریف نے خاص طور پر سمیر منہاس کو بہترین کارکردگی پر شاباش دی اور ان کو ہیرو قرار دیا، جبکہ پی سی بی کے معاملات احسن طریقے سے چلانے پر محسن نقوی کو بھی مبارکباد دی۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ کھلاڑیوں میں سے بہت سے مستقبل میں قومی ٹیم کا حصہ ہوں گے۔

Exit mobile version