جون 15, 2026

محکمہ پاسپورٹ میں بڑا اصلاحاتی قدم، درخواستوں اور پرنٹنگ کی 24/7 ڈیجیٹل مانیٹرنگ کا نیا نظام متعارف

محکمہ پاسپورٹ نے درخواستوں، پرنٹنگ اور مجموعی کارکردگی کو مزید مؤثر بنانے کے لیے جدید مانیٹرنگ سسٹم متعارف کرا دیا ہے۔ محکمہ پاسپورٹ کے جاری اعلامیے کے مطابق ڈی جی پاسپورٹ کے احکامات پر ہیڈکوارٹرز میں خصوصی 24/7 مانیٹرنگ روم قائم کر دیا گیا ہے، جہاں ڈیجیٹل انٹیگریٹڈ ڈیش بورڈ کے ذریعے روزانہ کی بنیاد پر تمام آپریشنز کی مانیٹرنگ اور ایویلیوایشن کی جائے گی۔

اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ نئے نظام کے تحت پاسپورٹ درخواستوں کی وصولی سے لے کر پرنٹنگ اور ڈیلیوری تک تمام مراحل کی رئیل ٹائم نگرانی ممکن ہو سکے گی۔ اس جدید سسٹم کے ذریعے پاسپورٹ دفاتر میں رش کی خودکار نشاندہی، اسٹاف کی کارکردگی، پاسپورٹ پرنٹنگ کے عمل اور نیٹ ورک مینجمنٹ کی بھی مسلسل مانیٹرنگ کی جائے گی۔

اعلامیے کے مطابق بیک لاگ اور مشینری اسٹیٹس کو بھی نئے نیٹ ورک مینجمنٹ سسٹم کے تحت مانیٹر کیا جائے گا، جس سے تاخیر اور انتظامی مسائل پر فوری قابو پایا جا سکے گا۔ ڈی جی پاسپورٹس مصطفیٰ جمال قاضی کا کہنا ہے کہ جدید مانیٹرنگ نظام سے محکمہ پاسپورٹس کی مجموعی کارکردگی میں نمایاں بہتری آئے گی اور مسائل کی بروقت نشاندہی کے بعد فوری حل کو یقینی بنایا جائے گا۔