فیلڈ مارشل عاصم منیر کو سعودی عرب کا اعلیٰ ترین اعزاز عطا

چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل عاصم منیر کو سعودی عرب کا اعلیٰ ترین اعزاز کنگ عبدالعزیز میڈل عطا کیا گیا ہے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق یہ اعزاز فیلڈ مارشل عاصم منیر کی نمایاں عسکری خدمات، مؤثر قیادت، دفاعی تعاون اور اسٹریٹجک ہم آہنگی کے اعتراف میں دیا گیا۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ یہ اعزاز ادارہ جاتی روابط کے فروغ میں ان کے کلیدی کردار، علاقائی امن و استحکام کے لیے خدمات، انسداد دہشتگردی اور سلامتی کے شعبے میں تعاون کی عکاسی کرتا ہے۔ سعودی قیادت نے فیلڈ مارشل عاصم منیر کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور اسٹریٹجک وژن کو سراہتے ہوئے دونوں ممالک کے دیرینہ برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کی تعریف کی۔

اعزاز حاصل کرنے پر فیلڈ مارشل عاصم منیر نے خادم الحرمین الشریفین اور سعودی قیادت کا شکریہ ادا کیا اور اسے پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان مضبوط اور پائیدار تعلقات کی علامت قرار دیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق انہوں نے مملکت سعودی عرب کی سلامتی، استحکام اور خوشحالی کے لیے پاکستان کے غیر متزلزل عزم کا بھی اعادہ کیا۔

شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق یہ اعزاز دونوں ممالک کے گہرے تعلقات اور مشترکہ اسٹریٹجک عزم کی واضح عکاسی کرتا ہے۔

Exit mobile version