جون 16, 2026

ایس پی پٹرولنگ وسیم اختر کا پٹرولنگ پولیس پوسٹ موجیانوالہ کا دورہ

امرہ کلاں ( ماسٹر لیاقت علی) ایس پی پٹرولنگ ریجن گوجرانوالہ وسیم اختر نے پٹرولنگ پولیس پوسٹ موجیانوالہ، ضلع منڈی بہاؤالدین کا دورہ کیا۔ پٹرولنگ پوسٹ پہنچنے پر ان کا پرتپاک استقبال کیا گیا جبکہ اشفاق احمد، انچارج پٹرولنگ پولیس نے انہیں پھولوں کا گلدستہ پیش کیا۔

دورے کے دوران ایس پی پٹرولنگ نے پٹرولنگ پوسٹ کے ریکارڈ، صفائی ستھرائی اور مجموعی انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا اور متعلقہ افسران کو فرائض کی انجام دہی مزید بہتر بنانے کی ہدایات جاری کیں۔ اس موقع پر ڈرائیور حضرات کو ٹریفک قوانین، دھند اور سموگ کے دوران احتیاطی تدابیر کے حوالے سے آگاہی دی گئی جبکہ معلوماتی پمفلٹس بھی تقسیم کیے گئے۔

ایس پی پٹرولنگ وسیم اختر نے شہریوں سے اپیل کی کہ شدید دھند کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔ ناگزیر سفر کی صورت میں گاڑی کی رفتار کم رکھیں، اگلی گاڑی سے مناسب فاصلہ برقرار رکھیں اور فوگ لائٹس سمیت فرنٹ و بیک لائٹس کا درست استعمال یقینی بنائیں۔ انہوں نے بالخصوص ٹریکٹر ٹرالیز، لوڈرز، ریڑھیوں اور سست رفتار گاڑیوں کے مالکان کو ہدایت کی کہ ریفلیکٹرز اور بیک لائٹس ہر صورت فعال رکھیں تاکہ کسی بھی حادثے سے بچا جا سکے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب ہائی وے پٹرول دھند کے دوران شاہراہوں پر اپنی پٹرولنگ اور موجودگی میں اضافہ کر رہا ہے تاکہ مسافروں کو بروقت رہنمائی اور مدد فراہم کی جا سکے۔ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں شہری پنجاب ہائی وے پٹرول ہیلپ لائن 1124 پر رابطہ کر سکتے ہیں۔

ایس پی پٹرولنگ کا کہنا تھا کہ ٹریفک قوانین کی مکمل پاسداری اور احتیاطی تدابیر اختیار کرنا ہر شہری کی ذمہ داری ہے تاکہ اپنی اور دوسروں کی جان و مال کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔