بلوچستان کے سرحدی ضلع چاغی کی تحصیل نوکنڈی کے قریب آئل ٹینکر اور پک اپ گاڑی کے درمیان خوفناک ٹریفک حادثہ پیش آیا، جس کے نتیجے میں 9 افراد موقع پر جاں بحق جبکہ 10 افراد زخمی ہو گئے۔
ایس پی چاغی محمد شریف کے مطابق حادثہ نوکنڈی کے قریب پیش آیا جہاں تیز رفتار آئل ٹینکر نے پک اپ گاڑی کو ٹکر مار دی۔ جاں بحق افراد پک اپ میں سوار تھے اور حادثہ اتنا شدید تھا کہ 9 افراد موقع پر ہی دم توڑ گئے۔
ایس پی چاغی کا کہنا ہے کہ حادثے میں زخمی ہونے والے 10 افراد کو فوری طور پر طبی امداد فراہم کی گئی۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق جاں بحق تمام افراد افغان شہری تھے جو کچے راستے سے سفر کرتے ہوئے پاکستان کے ذریعے ایران اور بعد ازاں یورپ جانے کی کوشش کر رہے تھے۔
پولیس کے مطابق جاں بحق افراد کی لاشیں قانونی کارروائی مکمل کرنے کے بعد افغان حکام کے حوالے کی جائیں گی جبکہ حادثے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔
چاغی: نوکنڈی کے قریب آئل ٹینکر اور پک اپ میں خوفناک تصادم، 9 افغان شہری جاں بحق، 10 زخمی
