لاہور سے منتخب مسلم لیگ (ن) کے رکن پنجاب اسمبلی عرفان شفیع کھوکھر انتقال کر گئے۔ مرحوم پی پی 167 لاہور سے پنجاب اسمبلی کے رکن تھے اور سیاسی حلقوں میں ایک متحرک اور عوام دوست نمائندے کے طور پر جانے جاتے تھے۔ ان کے انتقال کی خبر سے پارٹی کارکنان اور اہل علاقہ میں گہرے رنج و غم کی لہر دوڑ گئی۔
وزیراعظم پاکستان میاں محمد شہباز شریف نے مسلم لیگ (ن) کے ایم پی اے عرفان شفیع کھوکھر کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کے درجات کی بلندی اور اہلخانہ کے لیے صبر جمیل کی دعا کی۔ وزیراعظم نے کہا کہ عرفان شفیع کھوکھر کی سیاسی و سماجی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے بھی رکن پنجاب اسمبلی عرفان شفیع کھوکھر کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا اور سوگوار خاندان سے دلی ہمدردی و تعزیت کی۔ وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ مرحوم کی وفات پارٹی اور صوبے کے لیے ایک بڑا نقصان ہے۔
