ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) انڈر 19 ایشیا کپ کے فائنل میں پاکستان نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے روایتی حریف بھارت کو 191 رنز سے شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کر لیا۔
فائنل میں بھارت نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ پاکستان نے مقررہ 50 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 347 رنز اسکور کیے اور بھارت کو جیت کے لیے 348 رنز کا بڑا ہدف دیا۔
پاکستان کی جانب سے سمیر منہاس نے غیر معمولی اننگز کھیلی اور 113 گیندوں پر 17 چوکوں اور 9 چھکوں کی مدد سے شاندار 172 رنز بنائے۔ سمیر منہاس نہ صرف میچ بلکہ پورے ٹورنامنٹ کے ٹاپ اسکورر بھی رہے۔
دیگر کھلاڑیوں میں احمد حسین 56، عثمان خان 35، کپتان فرحان یوسف 19 اور حمزہ ظہور 18 رنز بنا سکے، جبکہ محمد صیام 13 اور نقاب شفیق 12 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔
بھارت کی جانب سے دپیش دیوندرن نے 3 جبکہ کھیلان پٹیل اور ہینل پٹیل نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔
348 رنز کے تعاقب میں بھارتی ٹیم دباؤ برداشت نہ کر سکی اور 156 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔ بھارت کی طرف سے دیوندرن 36 اور سوریا ونشی 26 رنز بنا کر نمایاں رہے۔
پاکستان کی بولنگ میں علی رضا نے شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے 42 رنز دے کر 4 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ محمد صائم، عبدالسبحان اور حزیفہ احسن نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔
میچ کے اختتام پر سمیر منہاس کو میچ کا بہترین کھلاڑی اور ٹورنامنٹ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔
واضح رہے کہ پاکستان نے انڈر 19 ایشیا کپ کا ٹائٹل دوسری مرتبہ اپنے نام کیا ہے، اس سے قبل 2012 میں پاکستان اور بھارت مشترکہ طور پر فاتح رہے تھے۔
