پاکستان اور بھارت کی انڈر 19 ٹیمیں آج دبئی میں ایشیا کپ کے فائنل میں مد مقابل

روایتی حریف پاکستان اور بھارت کی انڈر 19 ٹیمیں آج دبئی میں اے سی سی انڈر 19 ایشیا کپ کے فائنل میں آمنے سامنے ہوں گی۔ فائنل سے قبل پاکستان کے کپتان فرحان یوسف نے کہا کہ ٹیم پوری طرح تیار ہے، لڑائی کریں گے اور ٹائٹل حاصل کرنے کی بھرپور کوشش ہوگی۔

پاکستان انڈر 19 ٹیم نے سیمی فائنل میں بنگلادیش کو 8 وکٹوں سے شکست دی تھی، جبکہ بھارت نے سری لنکا کو ہرا کر فائنل میں جگہ بنائی۔ پاکستان دو بار آئی سی سی انڈر 19 ورلڈ کپ کا فاتح رہ چکا ہے لیکن انڈر 19 ایشیا کپ جیتنے میں کامیاب نہیں ہوا۔ 2012 میں پاکستان بھارت کے ساتھ مشترکہ چیمپئن رہا تھا۔

اس بار پاکستان کی انڈر 19 ٹیم نئے جوش و جذبے کے ساتھ میدان میں اتر رہی ہے، خاص طور پر بیٹر سمیر منہاس نے چار میچز میں 299 رنز بنا کر ٹیم کی بیٹنگ لائن مضبوط کی ہے، جس میں ایک سنچری اور نصف سنچری شامل ہے۔ بولنگ میں رائٹ آرم فاسٹ بولر عبد السبحان 11 وکٹیں اور لیفٹ آرم بولر محمد صیام 8 وکٹیں لے چکے ہیں۔

کپتان فرحان یوسف کا کہنا ہے کہ فائنل میں کامیابی کے لیے ٹیم مکمل طور پر پر امید اور تیار ہے۔

Exit mobile version