لاہور کی انسداد دہشت گردی عدالت نے کوٹ لکھپت جیل میں 9 مئی کے مزید دو مقدمات کا فیصلہ سنایا ہے۔
انسداد دہشت گردی عدالت کے جج ارشد جاوید نے گلبرگ میں گاڑیاں اور کلمہ چوک میں کنٹینر جلانے کے مقدمات کا فیصلہ سنایا۔ عدالت نے تحریک انصاف کی رہنما ڈاکٹر یاسمین راشد، میاں محمود الرشید، عمر سرفراز چیمہ اور اعجاز چوہدری کو دس دس سال قید کی سزا سنائی۔
یہ سزا ان ملزمان پر گلبرگ میں گاڑیاں اور کلمہ چوک میں کنٹینر جلانے کا جرم ثابت ہونے پر دی گئی۔ عدالت نے گلبرگ میں گاڑیاں جلانے کے مقدمے میں 22 ملزمان کو بری کیا جبکہ کلمہ چوک میں کنٹینر جلانے کے مقدمے میں 5 ملزمان بری قرار پائے۔
تھانہ گلبرگ اور نصیر آباد پولیس نے مقدمات کے چالان عدالت میں پیش کیے تھے۔ تھانہ گلبرگ کے چالان میں 33 ملزمان کو نامزد کیا گیا تھا، جبکہ گلبرگ کے مقدمے میں میاں اسلم اقبال سمیت چار ملزمان اشتہاری قرار دیے گئے۔ تھانہ نصیر آباد کے مقدمے میں 36 ملزمان کے چالان پیش کیے گئے، جن میں میاں اسلم اقبال سمیت 12 ملزمان اشتہاری تھے۔
