جون 21, 2026

ڈنگہ میں MNA چوہدری نصیر احمد عباس سدھو کی قیادت میں اربوں روپے کے ترقیاتی کام عوامی خدمت کی روشن مثال ہیں، قیصر اسحاق مغل

ڈنگہ (احتشام اللہ اسلم) انچارج ڈویلپمنٹ پروگرام و ممتاز سیاسی راہنما قیصر اسحاق مغل نے کہا ہے کہ ایم این اے چوہدری نصیر احمد عباس سدھو کی قیادت میں ڈنگہ اور گرد و نواح میں ایک ارب روپے سے زائد کی خطیر رقم سے ترقیاتی کام مکمل کیے جا چکے ہیں، جبکہ مزید منصوبے تیزی سے جاری ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ شہر کے اندرونی علاقوں میں جہاں بجلی کی ننگی تاریں گھروں کے انتہائی قریب سے گزر کر انسانی جانوں کے لیے خطرہ بنی ہوئی تھیں، وہاں جدید انسولیٹڈ ایچ ٹی تاریں نصب کر دی گئی ہیں۔ صرف ڈنگہ شہر میں اب تک 56 نئی گلیاں اور نالیاں جبکہ 25 بڑے نکاسیٔ آب کے نالے تعمیر ہو چکے ہیں۔

قیصر اسحاق مغل کا کہنا تھا کہ ڈنگہ کے 8 نواحی محلے جو برسوں سے پکی گلیوں اور جدید بجلی کے نظام سے محروم تھے، آج اللہ کے فضل سے کوئی بھی محلہ ایسا نہیں جہاں بجلی کے کھمبے، تاریں اور ٹرانسفارمر موجود نہ ہوں۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ صرف ڈنگہ میں اب تک ڈیڑھ ارب روپے کے قریب ترقیاتی فنڈز استعمال ہو چکے ہیں، جبکہ بجلی اپ گریڈیشن کے لیے 75 لاکھ روپے سے زائد لیبر کی لاگت ذاتی حیثیت میں برداشت کی گئی۔

انہوں نے مزید بتایا کہ حلقہ این اے 65 میں اڑھائی ارب روپے سے زائد کی بجلی اپ گریڈیشن جبکہ 75 کروڑ روپے سے زائد کے فنڈز سے گلیوں اور نالیوں کی تعمیر مکمل کی جا چکی ہے۔ گزشتہ تقریباً پونے دو سال کے دوران ڈنگہ میں 148 نئے 100، 200 اور 50 کے وی اے کے ٹرانسفارمر نصب کیے گئے، 255 نئے بجلی کے پول لگائے گئے، ڈیڑھ ہزار میٹر سے زائد ایچ ٹی تاریں اور 2 ہزار میٹر سے زائد فور کور تاریں نصب کی گئیں تاکہ گلیوں میں تاروں کے جال کا خاتمہ کیا جا سکے۔

قیصر اسحاق مغل نے کہا کہ وہ ان ترقیاتی کاموں کا ڈھنڈورا پیٹنے کے قائل نہیں، کیونکہ عوامی نمائندوں کا فرض ہے کہ وہ بلا امتیاز اپنے حلقے کے عوام کو بنیادی سہولیات فراہم کریں۔