سابق وزیراعظم عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کے خلاف توشہ خانہ ٹو کیس کا تحریری فیصلہ سامنے آ گیا ہے۔ اسپیشل جج سینٹرل ارجمند شاہ نے فیصلے میں قرار دیا کہ استغاثہ اپنا مقدمہ ثابت کرنے میں کامیاب رہا اور دونوں ملزمان خیانتِ مجرمانہ کے مرتکب پائے گئے۔
عدالتی فیصلے کے مطابق بانی پی ٹی آئی عمران خان کو دفعہ 409 کے تحت 10 سال قید جبکہ انسدادِ رشوت ستانی ایکٹ کے تحت 7 سال قید کی سزا سنائی گئی، یوں مجموعی طور پر انہیں 17 سال قید کی سزا دی گئی۔ بشریٰ بی بی کو بھی مجموعی طور پر 17 سال قید کی سزا سنائی گئی ہے۔
تحریری فیصلے میں کہا گیا ہے کہ دونوں ملزمان پر فی کس ایک کروڑ 64 لاکھ 25 ہزار 650 روپے جرمانہ عائد کیا گیا ہے، جرمانے کی عدم ادائیگی کی صورت میں دونوں کو مزید 6، 6 ماہ قید کی سزا بھگتنا ہوگی۔
عدالت نے فیصلے میں یہ بھی واضح کیا کہ عمران خان کی زائد عمر اور بشریٰ بی بی کے خاتون ہونے کے پیش نظر کم سے کم سزا سنائی گئی جبکہ ملزمان کی عرصہ حوالات کو بھی سزا میں شامل کر لیا گیا ہے۔





