منڈی بہاء الدین ( ڈاکٹر شاہد راٹھور) ڈسٹرکٹ ٹریفک پولیس منڈی بہاؤالدین کے زیر اہتمام اور ڈسٹرکٹ ٹریفک آفیسر راشد بشیر کی نگرانی میں ایجوکیشن ٹیم اور پیٹرولنگ پولیس کے اشتراک سے ڈسٹرکٹ جناح پبلک اسکول میں ٹریفک آگاہی سیمینار منعقد کیا گیا۔
سیمینار کے مہمانِ خصوصی محمد وسیم، ایس ایس پی پیٹرولنگ پولیس ریجن گوجرانوالہ تھے۔ اس موقع پر ڈی ایس پی زبیر بھدر، ڈسٹرکٹ انچارج پیٹرولنگ پولیس منڈی بہاؤالدین اور ڈسٹرکٹ ٹریفک آفیسر راشد بشیر بھی موجود تھے۔
سیمینار کا بنیادی مقصد طلبہ میں ٹریفک قوانین سے متعلق شعور اجاگر کرنا اور کم عمری سے ہی محفوظ ڈرائیونگ اور ذمہ دار شہری بننے کے اصولوں سے آگاہی فراہم کرنا تھا۔
ٹریفک پولیس کی جانب سے عرفان نواز رانجھا نے طلبہ کو ٹریفک قوانین، سڑک عبور کرنے کے محفوظ طریقے، ہیلمٹ اور سیٹ بیلٹ کی اہمیت سمیت دیگر ضروری نکات پر تفصیلی لیکچر دیا۔
شرکاء کا کہنا تھا کہ اس طرح کے آگاہی پروگرامز ٹریفک حادثات میں کمی اور ذمہ دار معاشرے کی تشکیل میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔
