منڈی بہاءالدین: کرسمس کی آمد پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل کی قیادت میں کیک کاٹنے کی تقریب

منڈی بہاءالدین ( ڈاکٹر شاہد راٹھور ) ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل راجہ حیدر عباس کی زیر صدارت کرسمس کی آمد کے سلسلے میں مسیحی برادری اور ڈی سی آفس کے مسیحی ملازمین کے ہمراہ کیک کاٹنے کی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب میں ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر عاطف علی وڑائچ سمیت مسیحی برادری کے رہنما اور ڈی سی آفس کے ملازمین نے شرکت کی۔

ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل راجہ حیدر عباس نے کہا کہ ضلع منڈی بہاءالدین ایک پرامن شہر ہے جہاں تمام اقلیتیں اپنے مذہبی تہوار جوش و جذبہ اور عقیدت کے ساتھ مناتی ہیں اور ایک دوسرے کی خوشیوں میں بھرپور شریک ہوتی ہیں۔ مسیحی برادری نے ہمیشہ محب وطن اور پرامن شہری ہونے کا عملی ثبوت دیا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ حکومت مسیحی کمیونٹی کی فلاح و بہبود کے لیے خطیر رقم خرچ کر رہی ہے اور ضلعی انتظامیہ ہر سال کی طرح اس بار بھی کرسمس کی خوشیوں میں برابر کی شریک ہے۔ ضلع کی تینوں تحصیلوں میں چرچوں پر لائٹنگ، سکیورٹی کے بہترین انتظامات، پارکس، کرسچین آبادیوں اور قبرستانوں کی صفائی ستھرائی کے اقدامات کیے گئے ہیں۔

اس موقع پر مسیحی برادری کی جانب سے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر کو چند درخواستیں بھی پیش کی گئیں، جن پر انہوں نے جائز مطالبات کو جلد حل کرنے کی یقین دہانی کرائی۔

Exit mobile version