تھائی لینڈ کی ملکہ Suthida نے جمعرات کو تھائی لینڈ میں منعقد ہونے والے جنوب مشرقی ایشیائی گیمز میں سیلنگ کے مقابلوں میں سونے کا تمغہ جیت کر اپنے ملک کے لیے فتح حاصل کی۔ ملکہ نے مکسڈ کیل بوٹ SSL47 کیٹیگری میں 47 فٹ لمبی کشتی پر اپنے 9 ساتھیوں کے ساتھ حصہ لیا۔
47 سالہ ملکہ نے بطور ٹیکٹیشن اور ہلمس ویمن ذمہ داریاں انجام دیتے ہوئے مقابلے میں تھائی ٹیم کو کامیابی دلائی۔ ملائیشیا کی ٹیم دوسرے نمبر پر اور میانمار کی ٹیم تیسرے نمبر پر رہی۔
جمعرات کو تھائی لینڈ کے 73 سالہ بادشاہ Vajiralongkorn نے فاتحین کو سونے، چاندی اور کانسی کے تمغے پیش کیے، جن میں تھائی ملکہ بھی شامل تھیں۔ تھائی ملکہ نے 2019 میں بادشاہ سے شادی کی تھی۔
واضح رہے کہ تھائی ملکہ کمیونیکیشنز میں گریجویٹ ہیں اور فوج میں شمولیت سے قبل تھائی ائیر ویز میں بطور فلائٹ اٹینڈنٹ خدمات انجام دے چکی ہیں۔ کھیلوں کی شوقین ملکہ نے رواں ماہ بینکاک میں کینیا کے عالمی شہرت یافتہ رنر ایلیوڈ کِپ چوگے کے ساتھ ہاف میراتھن میں بھی حصہ لیا تھا اور ریس 2 گھنٹے 13 منٹ 40 سیکنڈ میں مکمل کی تھی۔
