کراچی (رپورٹ: جاوید صدیقی) جامعہ کراچی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود عراقی نے گزشتہ روز 30 ہزار اسکوائر فٹ رقبے پر مشتمل فیکلٹی آف سائنس کی نوتعمیر اکیڈمک بلاک کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر ڈائریکٹر پلاننگ اینڈ ڈیولپمنٹ جامعہ کراچی، سعید احمد شیخ نے بتایا کہ فیکلٹی آف سائنس کی نوتعمیر اکیڈمک بلاک 30 ہزار اسکوائر فٹ رقبے پر مشتمل ہے، جو 283 ملین روپے کی لاگت سے مکمل کی گئی ہے۔ اس منصوبے کی فنڈنگ ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) پاکستان اور پلاننگ کمیشن آف پاکستان نے فراہم کی۔ انکے مطابق عمارت کی تینوں منزلوں، گراؤنڈ فلور، فرسٹ فلور اور سیکنڈ فلور پر دو جدید کلاس رومز تعمیر کئے گئے ہیں جن میں ہر ایک میں 60 طلبہ کے بیٹھنے کی گنجائش موجود ہے۔ اس کے علاوہ ہر منزل پر دو لیب بمعہ اسٹور اور ہر منزل پر لیکچرر، اسسٹنٹ پروفیسر اور پروفیسر کے لئے الگ الگ کمرے تعمیر کئے گئے ہیں جبکہ سربراہ (ایچ او ڈی) کا دفتر گراؤنڈ فلور پر تعمیر کیا گیا ہے۔ جامعہ کراچی کے وائس چانسلر، پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود عراقی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جامعہ میں طلبہ اور شعبہ جات کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے، تاہم انفرااسٹرکچر میں اس کی مناسبت سے اضافہ اور نئے تعلیمی پروگرام شروع کرتے وقت انکے مطابق عمارت اور آلات کی فراہمی ناگزیر ہوتی ہے۔ ڈاکٹر خالد عراقی نے کہا ہے کہ عمارتوں کی تعمیر کیساتھ ساتھ انکی باقاعدہ مینٹیننس انتہائی ضروری ہے، کیونکہ صرف عمارتیں تعمیر کرنے سے دیرپا اور مثبت نتائج حاصل نہیں ہوتے۔ انہوں نے زور دیا کہ طویل المدتی استفادے اور پائیداری کو یقینی بنانے کے لیے مینٹیننس پر خصوصی توجہ دی جائے، تاکہ تعمیر شدہ انفراسٹرکچر زیادہ عرصے تک موثر طور پر خدمات انجام دے سکے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ جامعہ کراچی محدود وسائل کے باوجود اپنے تعلیمی و انتظامی امور کو بہتر بنانے کے لیے کوشاں ہے، اور ہمیں یہی سوچ اپنانی ہوگی کہ انہی محدود وسائل میں رہتے ہوئے اپنی ضروریات کو پورا کرنا ہے۔ انہوں نے اس منصوبے کی فنڈنگ کے لئے ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) پاکستان اور پلاننگ کمیشن آف پاکستان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اس اضافے سے جامعہ کراچی کے طلباوطالبات بھر پور استفادہ کریں گے۔ رئیس کلیہ علوم جامعہ کراچی پروفیسر ڈاکٹر بلقیس گل نے کہا کہ فیکلٹی آف سائنس کا نیا اکیڈمک بلاک کلیہ علوم کے لئے غیر معمولی اہمیت کا حامل ہے اور یہ جامعہ میں تعلیم و تحقیق کے فروغ کی جانب ایک مضبوط قدم ہے۔ انہوں نے کہا کہ بظاہر یہ عمارت اینٹوں اور سیمنٹ سے تعمیر کی گئی ہے، تاہم حقیقت میں یہ تعلیم، تحقیق اور علمی برتری کے لیے ہماری اجتماعی کاوشوں اور عزم کی علامت ہے۔
پروفیسر ڈاکٹر بلقیس گل نے نئے اکیڈمک بلاک کے اضافے کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ جامعہ کراچی کے وائس چانسلر کے اکیڈمک ایکسیلینس کے وژن کی بھرپور عکاسی کرتا ہے، جس کا مقصد اعلیٰ معیار کی تعلیم اور جدید تحقیق کو فروغ دینا ہے۔ انہوں نے اس منصوبے کے لیے فنڈنگ فراہم کرنے پر ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) پاکستان اور پلاننگ کمیشن آف پاکستان کا خصوصی شکریہ ادا کیا اور امید ظاہر کی کہ یہ نیا اکیڈمک بلاک اساتذہ اور طلبہ کو جدید تعلیمی سہولیات فراہم کرنے میں کلیدی کردار ادا کرے گا۔
جامعہ کراچی: فیکلٹی آف سائنس کی 30 ہزار اسکوائر فٹ رقبے پر مشتمل نو تعمیراکیڈمک بلاک کا افتتاح
