امریکا میں غیر ملکی نژاد شہریوں کی شہریت منسوخی کی تیاریاں تیز

واشنگٹن میں غیر ملکی نژاد امریکیوں کی شہریت منسوخ کرنے کے عمل کو تیز کرنے کی تیاریاں شروع کر دی گئی ہیں۔ امریکی اخبار کی ایک رپورٹ کے مطابق ٹرمپ انتظامیہ نے یو ایس سٹیزن اینڈ امیگریشن سروسز کو اس حوالے سے باضابطہ ہدایات جاری کر دی ہیں۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ وزارتِ انصاف کو ہدایت دی گئی ہے کہ ہر ماہ شہریت منسوخی کے 100 سے 200 کیسز بھجوائے جائیں۔ وزارت انصاف کے مطابق سال 2017 سے اب تک شہریت منسوخی کے 120 کیسز سامنے آ چکے ہیں، جبکہ امریکا میں شہریت حاصل کرنے والوں کی مجموعی تعداد تقریباً 2 کروڑ 60 لاکھ تک پہنچ چکی ہے۔

امریکی اخبار کے مطابق محکمہ شماریات کا کہنا ہے کہ گزشتہ سال تقریباً 8 لاکھ غیر ملکی شہریوں نے امریکی شہریت حاصل کی، جن میں زیادہ تر کا تعلق میکسیکو، بھارت، فلپائن، ڈومینیکن ریپبلک اور ویتنام سے تھا۔

رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ سال 2018 میں وزارت انصاف کو شہریت منسوخی کے 90 کیسز موصول ہوئے، جبکہ سال 2024 میں 13 کیسز رجسٹرڈ کیے گئے جن میں سے 8 افراد کی شہریت منسوخ کر دی گئی۔ امریکی میڈیا کے مطابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے پہلے دورِ صدارت میں بھی شہریت منسوخی کے اقدامات میں نمایاں تیزی دیکھی گئی تھی۔

Exit mobile version